نئی دہلی،27/نومبر (ایس او نیوز/یو این آئی) کانگریس نے مہاراشٹر کے تعلق سے سپریم کورٹ کے فیصلے کو جمہوریت کی بڑی جیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ پارٹی کے منہ پر یہ زور کا طمانچہ ہے -کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال نے منگل کے روز یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ آج کا دن ہندوستانی جمہوریت کے لئے بہت بڑا دن ہے اور آئین اختیار کئے جانے کے70ویں برس یوم آئین کے موقع پر ملک کی جمہوریت کی جیت ہوئی ہے -انہوں نے کہا کہ عدالت کے فیصلے نے مہاراشٹر میں غیر قانونی طور پر تشکیل بی جے پی حکومت کو اکھاڑ کر پھینک دیا ہے - اس سے واضح ہوگیا ہے کہ بی جے پی کا گھٹیا کھیل ختم ہوگیا ہے - انہوں نے کہا کہ یہ دیویندر فڈنویس نہیں بلکہ وزیراعظم نریندر مودی کے لئے جھٹکا ہے - مودی اور بی جے پی راست طور پر جمہوریت کے قتل کی سازش میں شامل رہے ہیں - اس لئے یہ ان کے لئے زور کا جھٹکا ہے -اس دوران کانگریس ترجمان ابھیشیک منو سنگھوی نے یہاں پارلیمنٹ ہاؤز میں پریس کانفرنس میں کہا کہ فیصلے کے بعد مہاراشٹر کے گورنر کو سبق مل گیا ہوگا کہ انہیں غیر آئینی کام نہیں کرنا چاہیے - امید ہے کہ وہ اب گٹھ بندھن کو حکومت تشکیل دینے کے لئے مدعو کریں گے - انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے ملک میں جمہوریت کی جیت ہوئی ہے اور سپریم کورٹ کو وہاں صدر راج ہٹانے سے متعلق مکمل تفصیلات مانگنی چاہئیں -